ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کمار سوامی رام نگرم اور چن پٹن اسمبلی حلقے سے انتخاب لڑیں گے: دیوے گوڈا کا اعلان

کمار سوامی رام نگرم اور چن پٹن اسمبلی حلقے سے انتخاب لڑیں گے: دیوے گوڈا کا اعلان

Tue, 03 Apr 2018 20:56:18    S.O. News Service

بنگلورو،3؍اپریل(ایس او نیوز) سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوے گوڈا نے اعلان کیا کہ ریاستی جنتادل (ایس) صدر ایچ ڈی کمار سوامی آنے والے اسمبلی انتخابات میں دو اسمبلی حلقوں رام نگرم اور چن پٹن سے مقابلہ کریں گے۔ رام نگرم اور چن پٹن میں پارٹی کے وکاس پروگرام کے دوران سابق وزیراعظم نے یہ اعلان کیا اور کہا کہ رام نگرم اور چن پٹن کے پارٹی کارکنوں کے بے حد اصرار پر کمار سوامی نے دونوں حلقوں سے انتخاب لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔کانگریس اور بی جے پی کی طرف سے ایک دوسرے کے خلاف چارج شیٹ کے اجراء کو ان دونوں پارٹیوں کا آئینہ قرار دیتے ہوئے دیوے گوڈا نے کہاکہ ان سیاسی پارٹیوں میں یہ جرأت نہیں ہے کہ جنتادل (ایس ) پر انگلی اٹھاسکیں۔ دونوں پارٹیوں نے ایک دوسرے کے خلاف چارج شیٹس دائر کرکے ثابت کردیا ہے کہ دونوں ہی بدعنوان ہیں ۔ کمار سوامی نے ریاست میں 20ماہ کی حکومت بغیر کسی داغ کے چلائی ہے، اور عوام کو ان کا انتظامیہ پسند آیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ قومی سیاسی جماعتیں اپنے سیاسی فائدے کے لئے ملک کو تشدد کے دہانے پر لے جانا چاہتی ہیں ایسے میں علاقائی سیاسی جماعتوں کو قومی سیاسی جماعتوں کے ان منصوبوں کو ناکام بنانا چاہئے۔ صدر کانگریس راہول گاندھی کی طرف سے جنتادل (ایس) کو بی جے پی کی B ٹیم قرار دئے جانے پر اپنی شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ کانگریس صدر کو ذمہ داری سے بیان بازی کرنی چاہئے۔ ریاست میں بی جے پی کے اقتدار پر آنے کے دعوؤں کو خواب خرگوش قرار دیتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہاکہ دوبارہ وزیر اعلیٰ بننے یڈیورپا کا خواب کبھی شرمندۂ تعبیر نہیں ہوگا۔ چن پٹن اسمبلی حلقے کے لئے موجودہ رکن اسمبلی سی پی یوگیشورکی دین کو صفر قرار دیتے ہوئے انہوں نے حلقے کی ترقی کے لئے یوگیشور نے کچھ نہیں کیا۔ تملناڈو میں علاقائی سیاسی جماعتوں کی قوت کو قابل رشک قرار دیتے ہوئے دیوے گوڈا نے کہاکہ یہ سیاسی جماعتیں اپنے علاقائی دبدبے کی بنیاد پر مرکزی حکومت کو بھی جھکنے پر مجبور کردیتی ہیں۔کرناٹک میں بھی ایسی ہی مضبوط سیاسی قوت کی ضرورت ہے۔ وزیر اعلیٰ سدرامیا کی مختلف بھاگیہ اسکیموں پر نکتہ چینی کرتے ہوئے دیوے گوڈا نے کہاکہ جنتادل (ایس) کسانوں کی فلاح کے لئے ایک 9؍ نکاتی پروگرام ترتیب دے گی اور اسے عملی جامہ پہنانے کی دیانتدارانہ کوشش کرے گی۔ 


Share: